پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انتخابات 2024ءکی کوریج کے لئے الیکشن سٹی میڈیا سینٹر میں مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی

177
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انتخابات 2024ءکی کوریج کے لئے الیکشن سٹی میڈیا سینٹر میں مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، وزارت اطلاعات و نشریات نے 8 فروری 2024 کو پولنگ اور انتخابات کے نتائج کی کوریج کے لئے وسیع انتظامات کئے ہیں، انتخابات کی کوریج کرنے والے مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کے لئے پی آئی ڈی نے اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں اپنے علاقائی دفاتر میں الیکشن میڈیا سینٹرز قائم کر دیئے ہیں جنہیں جدید ترین سہولیات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ صحافی اپنی رپورٹس تیز ترین طریقوں سےمرتب کر سکیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بدھ کے روز میڈیا کانفرنس ہال، پی آئی ڈی اسلام آباد میں قائم الیکشن سٹی میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔ پی آئی ڈی کے وفاقی دارالحکومت سمیت تمام علاقائی دفاتر میں قائم سینٹرز میں صحافیوں کو ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں جہاں صحافی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ انتخابی نتائج فوری طور پر حاصل کر سکیں گے اور اسے اپنے متعلقہ میڈیا آئوٹ لیٹس تک پہنچا سکیں گے۔

الیکشن سٹی میڈیا سینٹرز میں تربیت یافتہ معاون عملہ 24 گھنٹے موجود ہوگا جبکہ میڈیا سینٹرز میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، ٹیلیفون، ایل ایل ڈیز، ایس ایم ڈیز اور میگا سکرینز کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ علاوہ ازیں انتخابات کی کوریج کے لئے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی 37 ٹیموں کو پی آئی ڈی ہیڈ کوارٹرز اور اس کے علاقائی دفاتر کی جانب سے شہری اور دیہی علاقوں کے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر پہنچانے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔

پی آئی ڈی نے گزشتہ روز مقامی و غیر ملکی صحافیوں اور بین الاقوامی مبصرین کی سہولت کے لئے آن لائن ہیلپ لائن کا بھی آغاز کیا ہے۔ یہ آن لائن پلیٹ فارم خاص طور پر عام انتخابات 2024 کی کوریج کرنے والے مقامی و بین الاقوامی صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے لئے تیار کیا گیا ہے، انتخابی سرگرمیوں کی کوریج کے دوران انٹرنیٹ کی سہولت سے آراستہ موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز کے ذریعے آن لائن شکایات درج کرانے میں مدد ملے گی۔