کوئٹہ۔ 21 جنوری (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پریس کسی بھی ریاست کا چوتھا ستون ہوتا ہے، پریس کی آزادی اور صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، صوبے کے پریس کو جدید میڈیا کی سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کسی بھی معاشرے کیلئے آنکھ اور کان کی مانند ہوتے ہیں، ہمیں تعمیری سوچ کے تحت مثبت صحافت کو فروغ دینے کیلئے ہمہ جہت کوششیں بروئے کار لانے ہوگی تاکہ معاشرتی بہتری لانے میں خاطر خواہ مدد مل سکے۔
انہوں نے مذید کہا کہ حکومت کو صوبے کے تمام صحافیوں کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، صوبے کے تمام علاقوں میں صحافیوں کو جدید میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ انہیں موجودہ دور کے الیکٹرونک میڈیا سمیت ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر مثبت رپورٹنگ کے موثر موقعے مل سکیں۔
انہوں نے عنقریب پریس کلب پشین کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور علاقے کے صحافیوں سمیت پریس کلب کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ کمیونیکیشن ریولوشن کے دور میں میڈیا کی اہمیت، اور کردار میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے، صوبائی حکومت میر علی مردان خان ڈومکی کی قیادت میں صوبے میں صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے تاکہ عوام تک حقیقی صحافت ثمرات پہنچائے جا سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431892