27.7 C
Islamabad
جمعرات, مئی 15, 2025
ہومعلاقائی خبریںپریکٹیکل ایگزامینر کی ایس او پیز کی خلاف ورزی ،30 طالبات کاکیمسٹری...

پریکٹیکل ایگزامینر کی ایس او پیز کی خلاف ورزی ،30 طالبات کاکیمسٹری پریکٹیکل میٹرک منسوخ ،موبائل فون ضبط

- Advertisement -

راولپنڈی۔14مئی (اے پی پی):تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے پریکٹیکل ایگزامینر کی جانب سے ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی کے باعث 30 طالبات کاکیمسٹری پریکٹیکل میٹرک منسوخ کر کے موبائل فون ضبط کر لئے۔ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کیا، جس کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا تھا۔چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے امتحانات کی شفافیت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور تمام امتحانی مراکز کو سنٹرل مانیٹرنگ سیل سے مسلسل نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے ’’بوٹی مافیا‘‘ کے خلاف مربوط حکمت عملی اپنائی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وویمن ایف بلاک راولپنڈی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سید پور روڈ راولپنڈی اور گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول راولپنڈی کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ پریکٹیکل لیب گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول بی بلاک راولپنڈی کی لیب کو چیک کیا، جہاں سرفراز پریکٹیکل ایگزامینر کوپریکٹیکل ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا۔

- Advertisement -

ابتدائی تحقیقات کے بعد 30 طالبات کاکیمسٹری پریکٹیکل میٹرک منسوخ کر دیا گیا اور متعلقہ ایگزامینر کا موبائل فون مزید تحقیقات کیلئے موقع پر ضبط کر کے ڈسپلن برانچ بورڈ ہذا کو بھجوا دیا گیا اور فوری طور پر پریکٹیکل ایگزامینر کو ڈیوٹی سے برطرف کر کے نیا پریکٹیکل ایگزامینر تعینات کر دیا گیا۔کنٹرولر امتحانات نے واقعے کی مکمل رپورٹ چیئرمین بورڈ کے نوٹس میں لائی، جنہوں نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ چیئرمین محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے واضح کیا کہ بورڈ بدعنوانی یا قواعد کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597066

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں