اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):عالمی برادری جب اتوار کے روز عالمی یوم پناہ گزین منارہی ہے ، پاکستان اس موقع پر عالمی سطح پر ذمہ داری کے تبادلے، پائیدار حل کے لئے کوششوں کو دوگنا کرنے اور افغانستان میں سیاسی تصفیے کے فوری پرامن حل کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے افغانستان میں پرامن سیاسی تصفیہ افغان مہاجرین کی باوقار ، مرحلہ وار اور بہتر سہولت سے وطن واپسی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے، پاکستان نے پناہ گزینوں کے تحفظ میں مثالی رہنمائی کی ہے اور وہ دنیا کے سب سے بڑے پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اب بھی 30 لاکھ کے قریب افغان باشندے مقیم ہیں جنھیں ہم ضروری تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے مہاجرین کے لئے فراخدلی ، یکجہتی اور ہمدردی کی مثالی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے ،
جس کے لئے پاکستان نے کوویڈ۔19سے تحفظ سمیت عوامی صحت ، تعلیم اور معاش کے بارے میں جامع پالیسیاں پیش کیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام نے لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کرکے بین الاقوامی ذمہ داری نبھانے میں اپنے جائز حصہ سے بھی زیادہ حصہ ڈالا ہے۔ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کی سہولت کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ، کوویڈ 19 وبا کی وجہ سے پیش آنے والے بے مثال عوامی صحت اور سماجی و معاشی چیلنجوں کے پس منظر میں یہ دن منایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان چیلنجوں نے تشدد اور تنازعات سے بے گھر ہونے والوں کی مشکلا ت کو بڑھا دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ دن تنازعات کا شکار محرکات کا جائزہ لینے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے اور قیام امن ، تنازعات کی روک تھام اور تنازعات کے حل میں سرمایہ کاری بڑھانے کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک موقع ہے کہ مہاجرین کے تحفظ کے لئے ہم اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کریں ، خندہ پیشانی سے مقابلہ کریں اور مہاجروں کی میزبانی کرنے والے ممالک کی ذمہ داریوں کو بانٹیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لئے جو وبائی امراض اور کوویڈ سے وابستہ معاشرتی و معاشی اور صحت سے متعلق چیلنجزسے دوچار ہیں جنہوں نے لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کی ، ان میزبان ممالک کو بڑی تعداد میں مہاجر آبادیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے عالمی سیاسی اور مالی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے موقع پر پاکستان پوری دنیا میں مہاجرین کی حمایت ، قیادت اور مہاجرین اور میزبانی اور خاص طور پر جاری وبائی صورتحال کے دوران میزبان ممالک کی حمایت پر اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے یو این ایچ سی آر کی کو ششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔