اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نےپاکستان میں شمولیتی ترقی اور سماجی مساوات کو فروغ دینے کیلئے خواتین، خواجہ سراؤں اور معذور افراد کی بہتری کے لیے بہت سے اقدامات پر مشمل جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک میں پسماندہ کمیونٹیز بشمول خواتین، خواجہ سرا اور معذور افراد کو معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مختلف اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے پسماندہ برادریوں بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے عزم کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نے اپنے پہلے ڈگنٹی ایوارڈز کی میزبانی کرکے خواتین، ٹرانس جینڈر افراد اور معذور خواتین کی نمایاں کامیابیوں کا جشن منانے کی جانب ایک یادگار قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام نے ان افراد کی ناقابل یقین شراکت کو اجاگر کیا ، یہ پروگرام معذور خواتین کی کامیابیوں کو تسلیم کر رہا ہے، جنہیں اکثر اپنی جنس اور معذوری کی وجہ سے دوہرے امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کاوشوں کا یہ اعتراف رکاوٹوں کو توڑنے اور شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دی ڈگنٹی ایوارڈز ایک طاقتور یاد دہانی کے طور پر کام کرتے ہیں ،قطع نظر صنف، جنسی رجحان یا صلاحیتوں کہ ہر کوئی یکساں حقوق اور مواقع کا مستحق ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس سال یوتھ لون پروگرام کے تحت مختلف سہولتی مراکز قائم کیے جائیں گے جن میں خواتین اور معذور افراد کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر پروگرام کے اہداف کا کم از کم 25 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ انہیں ترجیحی حمایت حاصل ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور معذور افراد کی منفرد ضروریات کو پورا کرنے، جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور سب کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جامع تعلیم اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے بھی فعال اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آئی ٹی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این آئی ڈی خصوصی افراد کی مدد کرنے اور افرادی قوت میں ان کے بغیر کسی رکاوٹ کے انضمام کو یقینی بنانے کے لیے کام کے لچکدار انتظامات، جیسے کہ گھر سے کام کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔