خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے ضلع مالاکنڈ میں جاری غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور واپڈا حکام کو فوری طور پر مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے
پشاور،صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات کا غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش

مزید خبریں
پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے ضلع مالاکنڈ میں جاری غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور واپڈا حکام کو فوری طور پر مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ جمان کے مطابق صوبائی وزیر نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں عوام کو گھنٹوں بجلی سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی روزمرہ زندگی، کاروباری سرگرمیوں، تعلیمی امور اور گھریلو معمولات کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کا فوری ازالہ ناگزیر ہے۔انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ کے شیڈول کو منظم، متوازن اور عوامی ضروریات کے مطابق بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے اور بلاجواز بجلی کی بندش سے ہر ممکن گریز کیا جائے۔شکیل احمد نے کہا کہ حکومت عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کریں۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے تمام ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔








