وفاقی آئینی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کی مبینہ نااہلی سے متعلق درخواست کل (بدھ 8 جولائی کو)سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے
سرکاری ملازم ہونے کی بنیاد پر نااہلی کیس، ایم این اے سہیل سلطان کی درخواست کی سماعت بدھ کو وفاقی آ ئینی عدالت میں ہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کی مبینہ نااہلی سے متعلق درخواست کل (بدھ 8 جولائی کو)سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے۔درخواست میں سہیل سلطان نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس اور الیکشن کمیشن کی کارروائی کے اختیار کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست گزار کا موقف ہے کہ اس معاملے میں الیکشن کمیشن کو کارروائی کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔سہیل سلطان کے خلاف یہ معاملہ عام انتخابات سے قبل سامنے آیا تھا، جب الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کی حیثیت سے مبینہ طور پر سرکاری ملازم ہونے کی بنیاد پر نااہلی کے ریفرنس کی کارروائی شروع کی تھی۔وفاقی آئینی عدالت اس سے قبل الیکشن کمیشن کو سہیل سلطان کے خلاف مزید کارروائی سے روک چکی ہے۔ عدالت آمدہ سماعت میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس میں آئندہ کارروائی سے متعلق فیصلہ کرے گی۔








