خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے ضلع صوابی میں جاری پیہور ہائی لیول کنال منصوبے کے مختلف تعمیراتی مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق
وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا کا پیہور ہائی لیول کنال منصوبے کا دورہ

مزید خبریں
پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے ضلع صوابی میں جاری پیہور ہائی لیول کنال منصوبے کے مختلف تعمیراتی مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر منصوبے پر سست رفتار پیش رفت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ منصوبے کو ہر صورت رواں سال اکتوبر تک مکمل کیا جائے۔دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان، اراکین صوبائی اسمبلی عبدالکریم اور رنگیز خان، سیکرٹری محکمہ آبپاشی محمد عابد وزیر، پراجیکٹ ڈائریکٹر، متعلقہ انجینئرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے منصوبے کے مختلف حصوں، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، نہری ڈھانچے، انجینئرنگ ورک اور دیگر اہم سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی مجموعی پیش رفت، فزیکل اور فنانشل پراگریس، درپیش چیلنجز اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ریاض خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اکتوبر تک منصوبہ مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی بروقت تکمیل پر یقین رکھتی ہے اور ایسے تمام ترقیاتی منصوبے جو عوامی مفاد سے براہِ راست وابستہ ہیں، انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل تمام انتظامی، تکنیکی اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے گا تاکہ منصوبہ بلا تعطل مکمل ہو سکے اور علاقے کے لوگوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ریلیف و آبادکاری عاقب اللہ خان اور اراکین صوبائی اسمبلی عبدالکریم اور رنگیز خان نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں درپیش مسائل کے حل اور عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کی کامیابی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیر آبپاشی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی پیش رفت سے انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ مدت کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔








