پشاور،محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں، 3000گرام آئس اور 2400 گرام چرس برآمد، ملزمان گرفتار

102
Shopkeeper arrested
Shopkeeper arrested

پشاور۔ 12 جنوری (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا سید فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ منشیات سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ منشیات سمگلروں کے بڑے بڑے نیٹ ورکس کا خاتمہ ہرصورت ممکن بنایا جائے گا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایکسائز اینٹیلی جنس بیورو اور تھانہ ایکسائز پشاور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کی آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایچ گول چوک نزد M-1 انٹر چینج میں گاڑی سے دوران تلاشی 3000 گرام اعلی کوالٹی آئس برآمد کی ہے۔ اس دوران دو ملزمان سلیم خان ولد وارث خان ساکن باڑہ روڈ سربند پشاور اور عبدالرئوف ولد ودان گل ساکن باڑہ ضلع خیبر کو موقع پر گرفتار کر تے ہوئے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اسی طرح دوسری کارروائی تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد نے کی ہے۔ کارروائی کے دوران حویلیاں انٹرچینج کے قریب منشیات سمگلر سے دوران تلاشی 2400 گرام چرس برآمد کر لی گئی ہے۔ کارروائی میں گرفتار ملزم اسمعیل خان ولد الماس خان کا تعلق کوکی خیل جمرود ضلع خیبر سے ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔