معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبر پختونخوا عثمان خان بیٹنی نے پیر کے روز اپنے دفتر ٹانک میں پبلک ڈے کا انعقاد کیا
پشاور،معاون خصوصی کے پبلک ڈے کے موقع پر عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے احکامت جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبر پختونخوا عثمان خان بیٹنی نے پیر کے روز اپنے دفتر ٹانک میں پبلک ڈے کا انعقاد کیا۔محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر ضلع بھر سے ووٹرز، سپورٹرز، پارٹی کارکنان، مختلف علاقوں کے عمائدین، سماجی شخصیات، سب ڈویژن جنڈولہ اور ٹانک کے معزز جرگہ مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل معاون خصوصی کے سامنے پیش کیے۔عثمان خان بیٹنی نے عوامی وفود اور شہریوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات اور ترقیاتی امور سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی خدمت، مسائل کا بروقت حل اور علاقے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔اس موقع پر معاون خصوصی عثمان خان بیٹنی کا کہنا تھا کہ پبلک ڈے کا مقصد عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، عوامی مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا سفر مشاورت، رابطے اور باہمی اعتماد سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے، اسی لیے پبلک ڈے کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں ٹانک سمیت جنوبی اضلاع کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور فنی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ٹانک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔پبلک ڈے کے دوران مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے اپنے اجتماعی مسائل بھی پیش کیے جن پر معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ عوام نے ان کی جانب سے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے اور عوامی رابطے کے مؤثر نظام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں، اجتماعی مسائل کے حل اور عوامی خدمت کے اعتراف میں اہلیان گل امام اور اہلیان رنوال نے معاون خصوصی عثمان خان بیٹنی، ضلعی صدر فرحان حکیم خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ٹانک حلیم شاہ کنڈی کو روایتی لنگیاں اور ہار پہنائے جبکہ معاون خصوصی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔








