پشاور۔03 اگست (اے پی پی )پشاور کی ٹرانسپورٹ برادری نے یوم آزادی بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان ٹرانسپورٹ اونر کنفیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر ایم ظاہر شاہ یوسفزئی نے جنرل بس سٹینڈ میں ٹرانسپورٹروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی نور محمد مہمند ‘ صاحب شاہ یوسفزئی ‘ حاجی مراد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم آزادی کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں یوم آزادی کے سلسلے میں جنرل بس سٹینڈ میں مختلف قسم کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں جشن موسیقی قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری یوم آزادی کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی کیونکہ ٹرانسپورٹ برادری ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=65554