پشاور۔ 24 فروری (اے پی پی):( آر ایم آئی) پشاور کے زیر اہتمام ہفتہ کو سالانہ کارڈیالوجی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں امراض قلب کے ماہرین نے شرکت کی اور امراض قلب سے متعلق تجربات کا تبادلہ کیا. کانفرنس میں امراض قلب کے علاج، انتظام اور بالغوں میں پیدائشی دل کی بیماری کے انتظام جیسے اہم موضوعات پر بصیرت انگیز گفتگو کی گئی۔
کانفرنس میں مقررین جن میں لندن، یو کے سے پروفیسر افسر رضا، اوکلاہوما ہارٹ، یو ایس اے سے ڈاکٹر نعیم طاہر خیلی، لاہور سے پروفیسر زبیر اکرم، راولپنڈی سے پروفیسر معاذ اللہ خان سمیت دیگر نے اپنے تجربات اور مہارتوں کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ امراض قلب (کارڈیالوجی)کے سربراہ اور کانفرنس کے سرپرست پروفیسر ڈاکٹر مقداد علی خان نے اپنے خطاب میں اس طرح کے باہمی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سیشنز کے دوران علم کا تبادلہ بلا شبہ ہماری اجتماعی ترقی اور امراض قلب کے انتظام میں جدت لانے میں معاون ہے۔
اس کانفرنس نے غیر معمولی کارڈیک کیئر کی فراہمی کےلیے آر ایم آئی کے عزم کو اجاگر کرنے، خیبر پختونخوا اور افغانستان کے ماہرین کو راغب کرنے اور انسٹی ٹیوٹ کے علاقائی اثر و رسوخ کو ظاہر کرنے کےلیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کیا۔
تعاون کے ایک نئے احساس کے ساتھ اس کانفرنس کا اختتام ہوا جس نے خطے میں جدت کو فروغ دینے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس کے دوران ماہرین نے اس شعبے کی ترقی اور تحقیق پر تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں آر ایم آئی کے سینئر کنسلٹنٹس، نوجوان ماہرین اور رحمان میڈیکل کالج کے طلبا نے بھی شرکت کی۔