پشاور۔ 22 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرپشاورسرمد سلیم اکرم کی ہدایات پر فور ی نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر یونیورسٹی ٹائون ہارون سلیم نے کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ ویسٹ زون کے چیف ڈیمالش سپرنٹنڈنٹ قیصر باچا اور، ڈیمالش سکواڈزاورمقامی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ارباب روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا ،جس میں درجنوں سے زائد غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئی ۔اسسٹنٹ کمشنرہارون سلیم نے کہا کہ ارباب روڈ پر ٹریفک جام کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی تھی اورٹریفک کے گھمبیرمسائل عوام کے لیے وبال جان بن چکے تھے جس کی وجہ سے ارباب روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ارباب روڈ کے دونوں اطراف کے روڈ 600 فٹ تک صاف کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اورٹریفک کی روانی بحال ہوچکی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ہارون سلیم نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اوراس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔