پشاور۔ 30 جنوری (اے پی پی):ایس ایچ او تھانہ غربی پشاور نور محمد خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم نے صدر کے مصروف ترین بازار میں شہریوں سے قیمتی موبائل فونز چوری کرنے میں ملوث جیب کتروں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا، ملزمان ہمسایہ ملک افغانستان کے رہائشی ہیں جن کو جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرلیا،
ان کے قبضے سے ابتدائی طور پر دو عدد مسروقہ موبائل فونز بھی برآمد کرلئے گئے ہیں جبکہ مزید انکشافات کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق مدعی سید اظہر علی شاہ نے تھانہ غربی پولیس کو موبائل فونز کی چوری کی رپورٹ کی تھی جس پر مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوں پر جامع تفتیش شرع کردی گئی ۔ ایس پی کینٹ ڈویژن نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کےلئے ڈی ایس پی کینٹ سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ غربی اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے اہم شواہد ا کٹھے کرکے جدید سائنسی خطوط اور ٹیکنیکل بنیاد پر مختلف پہلووں پر جامع تفتیش کا آغاز کیا ، صدر کے مصروف ترین اور پوش بازاروں میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی۔
جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران ملوث گینگ کا سراغ لگا کر دو ملزمان حمزہ عرف رحیم شاہ ولد شاہ ولی اور خانزیب ولد بہرام ساکنان افغانستان کو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے ابتدائی طور پر دو عدد مسروقہ موبائل فونز بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553877