پشاور۔ 13 اگست (اے پی پی):کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی صوبائی دارالحکومت پشاور میں جاری شجر کاری مہم میں تیزی لائی گئی ہے۔پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے )کی جانب سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی موجودگی میں حیات آباد فیز سیون میں ایک دن میں 11 سو پودے لگائے گئے، حیات آباد خوڑ اور اچینی خوڑ میں میں بھی سات سات ہزار پودے لگائے جائیں گے جس کا افتتاح 14 اگست کو صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کریں گے۔اس حوالے سے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کی جانب سے حیات آباد کے دور افتادہ علاقے فیز 7 میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ فہد، اسسٹنٹ کمشنر حیات آباد حسینہ خان
اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی داؤد سلیمی، پی ڈی اے اہلکاروں اور علاقہ معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو جاری حالیہ شجر کاری مہم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم اور ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ فہد نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے جس کے بعد پی ڈی اے اہلکاروں نے خالی اراضی پر 11 سو پودے لگائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کےلیے بڑی تعداد میں پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے جہاں پر خالی جگہ ملے وہاں پودے اور درخت لگائے جائیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت تمام پانچوں اضلاع میں شجر کاری مہم میں امسال ریکارڈ پودے اور تناور درخت لگائے جارہے ہیں
پہلی مرتبہ شجر کاری مہم کے تحت تناور اور پھل دار درخت لگائے گئے ہیں جس سے موسمیاتی تبدیلی کے تدارک اور فضائی آلودگی میں کمی میں بھرپور مدد ملے گی۔