پشاور، مردان میں بجلی چوروں کے خلاف596مقدمات درج ،صا رفین سے واجبات کی مد سے 13کروڑ روپے وصول

116
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

پشاور۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مردان کیپٹن (ر)عبدالرحمان کی نگرانی میں بجلی چوری کی روک تھام اور کنڈا مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔

اس ضمن میں ایڈمنسٹریشن افسران کی ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں محکمہ واپڈا اور لوکل پولیس کے ہمراہ کنڈہ مافیہ اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 25 غیر قانونی کنیکشنز منقطع کردئیے اور 6 ٹیمپرڈ میٹر اتارتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث 52 افراد کے خلاف مراسلے متعلقہ تھانوں کو ارسال کر دئیے جس میں 28 کے خلاف مقدمات درج کر تے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔دوران کارروائی سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے پر بجلی چوری کرنے والوں پرایک لاکھ20ہزار روپے جرمانہ عائد کئے گئے جبکہ صارفین سے واجبات کی مد میں ایک کروڑ 24 لاکھ 30ہزار روپے وصول کئے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 ستمبر سے 25ستمبر تک مجموعی طور پر 1522 بجلی چوروں کے خلاف مراسلے متعلقہ تھانوں کو ارسال کئے گئے جسمیں سے 596 افراد کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے بجلی چوروں کرنے والوں پر70لاکھ 72ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ صارفین سے واجبات کی مد میں 13کروڑ80ہزار روپے وصول کئےگئے۔