پشاور، نشتر آباد میں قائداعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کا فیصلہ

243
Quaid-e-Azam
Quaid-e-Azam

پشاور۔ 17 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی زیر صدارت پشاور نشتر آباد میں قائد اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ عبدالصمد،اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی ہاشم راو عظیم اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں قائد اعظم ہاؤس کے مالک کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور مرمت کئے لئے اب تک کئے گئے اقدامات سے شرکاکو آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 1938 سے پشاور کے علاقے نشتر آباد میں قائم 85 سالہ تاریخی قائداعظم ہاؤس کی حالت خراب ہو چکی ہے جس کی تزئین و آرائش کی جائے گی جبکہ نکاسی آب بھی قدیمی طرز پر کی جائے گی ،

اس کے علاوہ پشاور ڈبگری میں قائم سکھوں کے تاریخی گوردوارہ کی تزئین و آرائش اور اس کی تاریخی حیثیت کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا نیز تاریخی سیٹھی ہاوس، تاریخی مسجد مہابت خان اور گورکھتری کی مرمت کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے لیے محکمہ آثار قدیمہ کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

اس ضمن میں کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا کہ پشاور کے تمام تاریخی مقامات کی تاریخی حیثیت کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں اور اس سلسلے میں شفافیت اور معیار کو برقرار رکھا جائے تاکہ تاریخی ورثہ کو محفوظ کیا جا سکے۔