پشاور۔ 11 ستمبر (اے پی پی):پشاور میں ورسک روڈ پر بم دھماکے کے نتیجہ میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ ایس پی ورسک ڈویژن محمد ارشد خان کے مطابق دھماکہ پیر کے روز تھانہ مچنی گیٹ کی حدود ورسک روڈ رنگ روڈ پرائم ہسپتال کے قریب ہوا۔ایس پی ورسک ڈویژن ارشد خان کے مطابق واقعہ صبح دس بجکر پچاس منٹ پر پیش آیا جس میں مہمند رائفلز کی مچنی سائڈ سے پشاور آنے والی گاڑ ی کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے نتیجہ میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق جبکہ دو سویلینز سمیت سات افراد زخمی ہوگئے جن کو ریسکیواہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا ۔ایس پی ارشد کے مطابق واقعہ میں ایف سی گاڑی کے علاوہ دو پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ دھماکے کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے پشاور کے تمام بڑے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ کو ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے کہا ہےکہ پشاورورسک رو ڈ پر ایف سی کانوائے پرہونے ولا دھماکہ ابتدائی تحقیقات کےمطابق آئی ای ڈی دھماکہ تھا تاہم بی ڈی یو رپورٹ آنے کے بعد حتمی رائے دی جائے گی ۔جائے وقوعہ کےدورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر سخت چیکنگ شروع کردی گئ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیکورٹی ادارےملکر امن وامان کے قیام کے لئے کوشاں ہیں ۔