پشاور۔ 16 جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر )سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ چھوٹے زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، شراکت داری کے منصوبوں کی لاگت میں زمینداروں کا حصہ کم سے کم رکھا جائے، جنوبی اضلاع میں پانی کے بہتر استعمال اور جدید طریقہ آبپاشی سے زمینداروں کو آگاہی فراہم کریں تاکہ انکی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے صوبے میں جاری منصوبوں حوالے سے منعقد اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت عطاء الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری نیک محمد، ایڈوائزر پراجیکٹ انجینئر محمد نعیم، سینئر ریجنل ریسرچر کفایت زمان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے خیبرپختونخوا میں جاری منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر زراعت میجر (ر)سجاد بارکوال کو بتایا گیا کہ آئی ایم ڈبلیو آئی، خیبرپختونخوا کے آبی وسائل کی تشخیص، خشک سالی کے ابتدائی وارننگ سسٹم اور واٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر ملٹی سٹیک ہولڈر ورکشاپس اور واٹر اکاؤنٹنگ، وسائل کی تشخیص پر تعارفی ہینڈ آن ٹریننگ ورکشاپ منعقد کررہے ہیں۔ اسی طرح آبپاشی کی طلب کے انتظام کے لیے مٹی میں نمی کے سینسر منگوائے گئے ہیں جو چارسدہ اور مانسہرہ میں نصب کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت میجر (ر)سجاد بارکوال نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت انکا بھرپور ساتھ دے گی۔
صوبائی حکومت بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے دوسرے اداروں کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ زمینداروں کی معاشی و مالی حالت بہتر ہوسکے اور صوبہ غذائی اجناس میں خودکفیل ہوسکے۔ انہوں نے آئی ڈبلیو ایم آئی کے صوبے کیلئے خدمات کو سراہا اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=547173