پشاور، چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی زیرصدرات الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس کاا نعقاد

74

پشاور۔4نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی زیرصدرات منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے خیبر پختونخوا کے17اضلاع میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے مختلف رٹ پٹیشن پر2نومبر2021کو جو فیصلہ دیا گیا کہ خیبرپختونخواحکومت اور الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسران کو حکم جاری کریں کہ وہ ویلیج اور نیبر ہوڈ کو نسلوں کے الیکشن کیلئے4نو مبر2021سے کاغذات نامزدگی جماعتی بنیادوں پر وصول کریں۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عملدار آمد یقینی بنانے کیلئے درج ذیل احکامات جاری کئے ہیں۔تمام ریٹرننگ افسران جو کہ فیز1کے ویلیج اور نیبرہوڈ کو نسلوں کیلئے تعینات کئے گئے ہیں وہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی(فارمIV)وصول کرتے وقت انہیں ہدایت کریں کہ اگر وہ کسی پارٹی کی جانب سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تو کاغذات نامزدگی کے متعلقہ کالم میں اس پارٹی کا نام لکھیں۔جو امیدوار کسی پارٹی کی جانب سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں وہ اپنا پارٹی ٹکٹ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے وقت یا اس سے پہلے ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔

سیاسی پارٹیاں کو نسل کی ہر کٹیگری میں جتنی سیٹیں مختص ہیں اتنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر سکتی ہیں۔انیبر اور ویلیج کونسلوں کے امیدواروں کی حتمی فہرست انگریزی حروف تہجی میں ہو گی ، ایسے امیدوار جن کو سیاسی پارٹی نے ٹکٹ دیا ہو ان امیدواروں کو پارٹی نشان الاٹ کیا جائے گا جبکہ آزاد امیدواروں کو وہ نشانات الاٹ ہو نگے جو کسی پارٹی کے نہیں ہیں اور آزاد امیدواروں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

سیاسی جماعتوں کے سربراہان کسی عہدیدار کو مقرر مجاز بنائیں گے کہ وہ پارٹی ٹکٹ جاری کریں ، یہ نمائدہ ترجیحاً ہر ضلعی سطح پر ہو گا جو کہ تحصیل/ویلیج ونیبرہوڈ کو نسلوں کی متعلقہ کیٹیگری کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرئے گا۔

پارٹی سربراہان مقررکردہ عہدیداران کی لسٹ 15نو مبر2021سے قبل یا اس تاریخ کو صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو بھجوائیں گے جو کہ یہی لسٹ تمام ریٹرننگ افسروں کو بھیجے گا تاکہ ریٹرننگ افسر قانون کے مطابق نشانات الاٹ کر سکیں۔ ویلیج اور نیبرہوڈ کو نسلوں کی تمام کیٹیگری کے بیلٹ پیپروں پر تمام امیدواروں کے نام و نشانات پر نٹ کئے جائیں گے۔