پشاورمیں پاکستان بیورو آف شماریات کے زیر اہتمام زراعت شماری 2024 کے لیے ایک ہفتہ پر محیط تربیتی پروگرام کا انعقاد

124
پشاورمیں پاکستان بیورو آف شماریات کے زیر اہتمام زراعت شماری 2024 کے لیے ایک ہفتہ پر محیط تربیتی پروگرام کا انعقاد

پشاور۔ 11 نومبر (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت پشاور میں پاکستان بیورو آف شماریات کے زیر اہتمام زراعت شماری 2024 کے لیے ایک ہفتہ پر محیط تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں زراعت کے شعبے سے متعلق جامع اور مفصل ڈیٹا کا حصول ہے۔ یہ ٹریننگ زراعت کے مختلف پہلوؤں پر مرکوز ہے، جس میں زمین، فصلات، باغات، مال مویشی، اور زرعی مشینری جیسے وسائل کی معلومات اکٹھا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس ڈیٹا کو قومی سطح پر زرعی منصوبہ بندی اور ترقیاتی حکمت عملیوں میں استعمال کیا جائے گا، جس سے زرعی خود کفالت اور پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

پشاور کے سرکاری سکول میں منعقدہ ٹریننگ کے پہلے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راؤ ہاشم، چیف شماریات آفیسر محمد انور، ڈسٹرکٹ شماریات کوآرڈینیٹر جاوید اقبال، اور محکمہ زراعت کے حکام نے شرکت کی۔ شرکاء کو شماریاتی طریقہ کار، جدید سافٹ ویئرز، اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی تاکہ وہ زراعت شماری کے عمل کو بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔

زراعت شماری 2024 کے اہم مقاصد میں زمین، فصلات، باغات، اور مال مویشی سے متعلق معلومات اکٹھا کرنا تاکہ قومی زراعتی وسائل کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔اس کے ساتھ مال مویشیوں کی تعداد اور زمین کے استعمال کی تفصیلات کو سمجھنے میں مدد دیناتاکہ پالیسی سازی میں معاون ثابت ہو سکے اور زرعی مشینری کی دستیابی اور استعمال کی معلومات فراہم کر کے زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے بہتر حکمت عملی وضع کرنا اور زرعی پیداوار اور خود کفالت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے معلومات اکٹھا کرنا ہے۔

پشاور میں منعقدہ یہ تربیتی سیشن زراعت شماری کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو مستقبل کی زرعی حکمت عملیوں میں بنیاد کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ پاکستان بیورو آف شماریات اس شماری کے ذریعے ملکی سطح پر زرعی شعبے کی ترقی اور خود کفالت کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔