پشاور۔ 02 جون (اے پی پی):پشاورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ملکی معاشی ترقی کے لئے مالی سال2025-26کے بجٹ میں شرح سود،بجلی کی قیمت،ٹیکسزاوردرآمدات وبرآمدات پرکسٹم ڈیوٹی کم کرنے سمیت مختلف اقدامات کی اپیل کی ہے۔چیمبر کا صدرشکیل احمدخان صراف کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گروپ لیڈرملک مہرالٰہی نے خصوصی جبکہ سینئرنائب صدرحاجی طلا محمد،نائب صدرملک زوہیب عارف،ترجمان تنظیم تاجران شہزاداحمدصدیقی،ایگزیکٹیوممبران اورپشاورکے مختلف بازاروں کے عہدیداروں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی ،معاشی وصنعتی ترقی کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اقدامات کے حوالے سے تجاویزپیش کی گئیں۔شرکا کاکہناتھاکہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع اورشرح سود و بجلی کی قیمت کم کی جائے،صنعتوں کے فروغ کےلئے ٹیکسزکی شرح اور تعداد میں کمی ،چھوٹے تاجروں کودس سے پچاس لاکھ تک بلاسود آسان شرائط پرقرضے فراہم کئے جائیں،چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کےلئے شفاف وموثرطریقہ کاروضع کیاجائے، طبی آلات وادویات کی درآمدپرکسٹم ڈیوٹی ختم اورودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ غریب ومتوسط طبقے کی مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی درآمدپرٹیکس کی شرح کم اوردیگراشیا کی خریداری پرجی ایس ٹی کی شرح کم کی جائے۔تاجر رہنمائوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں سیاحت کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات ،ہوٹل وریسٹورنٹ پرٹیکسزکی شرح کم کرنے کی تجاویز ہیں،جائیدادکی خریدوفروخت پر پراپرٹی ٹیکس،گین ٹیکس اوردیگرصوبائی ٹیکسزکی شرح میں کمی سے ریئل سٹیٹ کے شعبے کوفروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھرمیں کسٹم کلیئراشیا کی نقل وحرکت میں تاجروں کو بے جاپریشان وہراساں کرنے سے گریزاوراس حوالے سے موثرپالیسی وضع کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہوٹلزکو سٹیٹ بینک نے لائسنس جاری کئے ہیں اسی طرزپر غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبارسے وابستہ افرادکوبے روزگاری سے بچانے کی غرض سے قانونی دائرہ کار میں لانے کی خاطرآسان شرائط پرلائسنس جاری کئے جائیں۔
موٹرویز پر چھوٹی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس پر کمی کی شفارش کرتے ہوئے تاجر برادری نے امیدظاہرکی ہے کہ مفادعامہ ،بزنس کمیونٹی اورملکی خوشحالی کےلئے ان تجاویزپرعمل کرتے ہوئے عوام اورتاجردوست بجٹ پیش کیاجائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604151