پشاورڈویژن میں شجرکاری مہم کاآغاز،مہم کےدو ران15لاکھ سےزائد پودے لگائے جائیں گے

89
پشاورڈویژن میں شجرکاری مہم کاآغاز،مہم کےدو ران15لاکھ سےزائد پودے لگائے جائیں گے

پشاور۔ 19 فروری (اے پی پی):پشاور ڈویژن میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے ہمراہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے محمد نعیم خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پی ڈی اے حسینہ خان سمیت پی ڈی اے حکام، مختلف تعلیمی مراکز کی طلبہ اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پرکمشنر پشاور ریاض خان محسود نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران پشاور ڈویژن میں مجموعی طور پر 15 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گےجبکہ ضلع پشاور میں 8 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور ڈویژن کے تمام متعلقہ محکمے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں تاکہ شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔آج ریگی ماڈل ٹاؤن میں مختلف تعلیمی مراکز کی طلبہ اور دیگر افراد نے 860 پودے لگائے۔ کمشنر پشاور نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان نسل کو شجرکاری میں شامل کرنا نہایت خوش آئند ہے کیونکہ یہی نوجوان کل کے معمار ہیں اور ان کی شرکت سے ماحول کے تحفظ کا شعور اجاگر ہوگا۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کمشنر کی رہنمائی میں شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ یہ ہمارے مستقبل کے لیے بھی ایک مثبت سرمایہ کاری ثابت ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ پشاور اس مہم کے دوران شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے اور شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہےجس میں سکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم، کمیونٹی لیڈرز کی شمولیت اور مختلف شجرکاری پروگرامز کا انعقاد شامل ہے۔