پشاور ،تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کی کارروائی، تالہ توڑ منظم گینگ بے نقاب، چوری میں ملوث سرغنہ گرفتار

7

پشاور۔ 23 جون (اے پی پی):افسران بالا کے خصوصی احکامات پر ایس پی فقیر آباد ڈویژن محمد ارشد خان کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ پہاڑی پورہ احمد اللہ نے دیگر ٹیم کے ہمراہ جدید سائنسی خطوط اور ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش کے دوران کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سکندر ٹائون میں گھر کا تالا توڑ کر طلائی زیورات لوٹنے والے منظم گینگ کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم کو گرفتارکرلیا۔پشاور پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار گینگ نے 19 اپریل کو تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود سکندر ٹائون میں گھر کا تالا توڑ کرلاکھوں کی چوری کی تھی،

گرفتار مرکزی ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے گینگ میں شامل دیگر ملزمان کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری اور مزید ریکوری کی کوشش جاری ہے، کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے طلائی زیورات فروخت کرنے کے عوض حاصل شدہ رقم 75 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق حسین علی یوسفزئی ولد خادم علی یوسفزئی نے مورخہ 19 اپریل 2025 کو تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کو ان کی غیر موجودگی میں گھر سے چوری کی رپورٹ درج کروائی تھی جس پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ افسران بالا نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث گینگ کا سراغ لگانے کیلئے ایس پی فقیر آباد ڈویژن کی نگرانی میں ڈی ایس پی فقیر آباد سرکل، ایس ایچ او تھانہ پہاڑی پورہ اور تفتیشی افیسر پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔

خصوصی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط اور مختلف پہلوں پر ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش کے دوران متعدد جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرکے ان کے بیانات قلمبند کئے ، جاری تفتیش کے دوران ملوث گینگ کا سراغ لگا کر گینگ کے سرغنہ ملزم شیر محمد ولد شاہ روم کو گرفتار کرلیا گیا،

منظم گینگ نے 19اپریل کو سکندر ٹائون میں موقع پاتے ہی اہلخانہ کی غیرموجودگی میں حسین علی کے گھر کا تالا توڑ کرلاکھوں چوری کی تھی۔گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر ملوث ملزمان کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری اور مزید ریکوری کی کوشش جاری ہے۔