پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کی ہاؤسنگ سوسائٹیزکے این اوسیزکی جانچ پڑتال کاحتمی فیصلہ کرلیاگیا،این اوسی نہ رکھنے والی اورمبینہ جعلی این اوسی کی حامل ہاؤسنگ سوسائٹیزکوسیل،مالک کے خلاف ایف آئی آر سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،یہ فیصلہ ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوالیڈیوزبلڈنگ کنٹرول اتھارٹی خضرحیات خان کی زیرصدارت منعقدہ پشاورزون کے چیف پلاننگ اینڈ کنٹرولنگ آفیسر(سی پی سی اوز) اجلاس میں کیاگیا،سی پی سی اوزکوبلڈنگ بائیلاز،ہاؤسنگ سوسائٹیزاوردیگراموربارے ہدایت دی گئیں،اجلاس سے خطاب میں ڈی جی خضرحیات خان نے مزیدکہاکہ بعض ہاؤسنگ سوسائٹیزکے پاس این اوسی نہ ہونے اورمبینہ طورپرجعلی این اوسیزکی متعددشکایات سامنے آئی ہیں،جس کے پیش نظرصوبے بھرکی ہاؤسنگ سوسائٹیزکے این اوسیز کی جانچ پڑتال کی جائے گی،
متعددہاؤسنگ سوسائٹیزایسی ہیں جنہوں نے این اوسی حاصل کرنے کے بعد بغیرمنظوری لئے رقبے میں اضافہ کرلیاہے،یہ تحقیق بھی کی جائے گی کہ زرعی زمینوں کوکمرشل ظاہرکرکے کتنی ہاؤسنگ سوسائٹیزقائم کی گئی ہیں،دھوکہ دہی سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام میں معاونت کرنے والے متعلقہ پٹواری،گرداورکے خلاف ڈپٹی کمشنراورلوکل گورنمنٹ اہلکاروں کے خلاف سیکرٹری بلدیات کوکارروائی کے لئے مراسلہ کیاجائے گا،
خضرحیات خان نے کہاکہ کئی سال سے بغیراین اوسی،رقبے میں بغیرمنظوری اضافہ اورجعلی این اوسیز کی حامل ہاؤسنگ سوسائٹیزکے مالکوں کے خلاف مقدمات درج کرکے کیس انٹی کرپشن کوارسال کئے جائیں گے،بغیراین اوسی ہاوسنگ سوسائٹی کی قومی و صوبائی سطح پرتشہیری مہم چلانا خیبر پختونخوا پرائیوٹ ہاوسنگ سکیم منیجمنٹ اور ریگولیشن رولز 2021کی خلاف ورزی ہے،بغیراین اوسی نجی ہاوسنگ سوسائٹیزکے پلاٹس کی فائلوں کی خریدو فروخت بھی غیر قانونی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594651