اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پشاور اور ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہوا، حکومت اپوزیشن کے جلسے اور جلوس کو نہیں روکنا چاہتی، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے این سی او سی کی ہدایات کے مطابق فیصلہ دیا جس کے مطابق 300 افراد زیادہ کا اجتماع کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور اور ملتان میں کورونا کیسز کی شرح 3 سے بڑھ کر 19 فیصد ہو چکی ہے، حکومت اپوزیشن کے جلسے اور جلوس کو نہیں روکنا چاہتی، جلسوں سے روک کر اپوزیشن کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال کے دوران ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اپوزیشن کو بھی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے اور عوام کی زندگیوں کو خطرہ میں نہیں ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا کے حوالے سے بڑی واضح پالیسی ہے، حکومت عام عوام کو بھی بچانا چاہتی ہے اور ان کے ذریعہ معاش کو بھی بچانا چاہتی ہے، سب کو مل کر ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت غربت ہے، ماضی میں جنوبی پنجاب کا پیسہ بھی لاہور پر خرچ کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ کسی بھی معاملے پر بات کریں تو یہ این آر او مانگتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو عوامی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی بہتر ہے، معیشت ترقی کر رہی ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، معیشت کی سمت درست ہو چکی ہے اور مہنگائی میں بھی کمی آنا شروع ہو چکی ہے۔