پشاور۔ 17 فروری (اے پی پی):پشاور ڈی ایس پی کینٹ امجد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ غربی عبدالحمید نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مصروف ترین شاپنگ مالز اور دیگر تجارتی مراکز سے موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا،
ملزم نواحی علاقہ بڈھ بیر کا رہائشی ہے، ملزم موقع ملتے ہی پارکنگ شدہ موٹرسائیکل چوری کرنے میں ملوث ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے ،کاروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے دو عدد مسروقہ موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہیں، گرفتار ملزم سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدعی سید شجاعت حسین شاہ نے تھانہ غربی پولیس کو موٹر سائیکل چوری کی رپورٹ کی تھی، جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی، ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی کینٹ سرکل امجد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ غربی عبد الحمید نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرتے ہوئے تجارتی مراکز اور آس پا س کے علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کیں،
جس کے دوران گزشتہ روز موٹرسائیکل چوری میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت عثمان ولد ابراہیم سکنہ بالوخیل بڈھ بیرسے ہوئی ۔