پشاور۔ 28 مئی (اے پی پی):پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے تما م اضلاع میں پا نچ روزہ انسداد پولیو مہم کا تیسرا روز زور شور سے جاری ہے۔تر جمان کے مطابق پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریبا 73 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو ایک خطرناک بیماری ہے،جس سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں اور ان بچوں اور خاندانوں کو عمر بھر شدید مشکلات سے دوچار رہنا پڑتا ہے، نہ صرف یہ بلکہ علاقے میں وائرس کی موجودگی دوسرے بچوں کے لئے مسلسل خطرے کا باعث بنی رہتی ہے،ایسے میں مہم کے دوران تمام بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلانا نہایت ہی ضروری ہے اور یہی مہم کا اصل حدف ہے۔
یاد رہے کہ ایمرجنسی آپریشنز سنٹر خیبرپختونخوا نے انسداد پولیو کی اس مہم کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مہم کیلئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 35,465 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں 32,155 موبائل ٹیمیں، 1,918 فکسڈ ٹیمیں، 1,225 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 167 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان ٹیموں کی موثر نگرانی کے لئے 8,351 ایریا انچارج بھی تعینات کئے گئے ہیں۔مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی معاونت کیلئے صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602210