اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ دستکاری، تخلیقی صلاحیتوں اور محنت نے پشاور کو فرنیچر کی پیداوار کا بڑا مرکز بنا دیا ،وقت آ گیا ہے کہ عالمی منڈیوں میں اس صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے ۔
بدھ کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں فرنیچر مینوفیکچررز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن پاکستان کی فرنیچر کی صنعت کا فروغ ہے، پشاور کے مینوفیکچررز میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ اور مہارت کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی بین الاقوامی مارکیٹ میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مواقع اور مارکیٹوں کو تلاش کر کے ان تک رسائی حاصل کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایف سی کو پختہ یقین ہے کہ ہماری منفرد اور اعلیٰ معیار کی فرنیچر مصنوعات دنیا بھر کے خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی برآمد سے نہ صرف ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی بلکہ معیشت بھی مستحکم ہو گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور عالمی سطح پر صنعت کی ساکھ میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پی ایف سی بین الاقوامی تجارت کے لیے ضروری وسائل، مارکیٹ آگاہی اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ آئیے ہم مل کر پشاور کی فرنیچر کی صنعت کے شاندار ورثے اور دستکاری کو دنیا کے سامنے پیش کریں، پشاور کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ہم اس صنعت کو فروغ ، روزگار کے مواقع پیدا اور خطے کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اس سفر کے ہر قدم پر آپ کی مدد کے لیے حاضر ہے، ہماری ٹیم رہنمائی فراہم کرنے، ورکشاپس کے انعقاد اور بین الاقوامی تجارت کی پیچیدگیوں سے نمٹنے میں آپ کی مدد اور تعاون کے لیے حاضر ہے۔