پشاور میڈیکل کالج میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے مظاہرہ

150

پشاور۔ 20 اکتوبر (اے پی پی):فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی اور مظالم کی مذمّت اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کےلئے پشاور میڈیکل کالج میں مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس میں پشاور میڈیکل کالج ،پشاور ڈینٹل کالج ،رفیدہ نرسنگ کالج کے علاوہ جناح میڈیکل کالج کے طلباء اورتدریسی عملے نے شرکت کی.

شرکاء نے کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کی مذمّت اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے نعرے درج تھے، مظاہرے کے بعد پشاور میڈیکل کالج کے لان میں ایک جلسہ بھی ہوا، جلسہ سے پشاور میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد امان خان ،پشاور ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شمیم اختر ،جناح میڈیکل کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق اور پروفیسر ڈاکٹر شمس الحق نے خطاب کیا۔ مقررین نے بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کی شدید مذمّت کی۔

انہوں نے فلسطینی بستیوں اور ہسپتالوں پر اسرائیل کی بمباری کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا۔ مقررین نے عالمی برادری سے اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کے نوٹس لینے اور اسے روکنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے عوام سے بے بس فلسطینیوں کی جدوجہد کی اخلاقی حمایت اور دل کھول کر ان کی مالی مدد کرنے کی اپیل کی۔