پشاور میں انسدادِ ڈینگی کےلیے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم، کنٹرول روم دن رات فعال رہے گا، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم

81

پشاور۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں ڈینگی کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو کہ 24/7 فعال رہے گا، شہری 0919225467 پر ڈینگی کے حوالے اطلاع دے سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راؤ محمد ہاشم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد ادریس اور ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد عارف سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں افسران نے ڈینگی وائرس کے خاتمے اور اس سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی ۔ پشاور میں 7 ہاٹ سپاٹ یونین کونسلوں کے 11 علاقوں میں اینٹی ڈینگی کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پشاور میں ابتک چھ لاکھ گھروں میں سے اسی ہزار گھروں کا معائنہ کیا گیا جس میں چھ سو گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی جس کو موقع پر تلف کر دیاگیا۔ ڈینگی کے خلاف 1700 سے زائد ٹیمیں کام کر رہی ہیں جن میں 16 فوگنگ مشینیں بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کیں کہ مساجد اور یونین کونسل دفاتر میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے بینرز آویزاں کیے جائیں ،مساجد میں اعلانات کروائے جائیں ،پانی کی ٹینکیوں کی صفائی جلد از جلد کی جائے ،سکولوں میں مارننگ اسمبلی میں بھی طلباء کو ڈینگی وائرس کے خاتمے کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے مزید ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔

اجلاس بتایا گیا کہ ڈینگی مچھر صاف پانی میں انڈے دیتا ہے اس لیے ہمیں اپنے گھر وں میں پانی کو کھڑا نہیں ہونے دینا اوراپنے گھروں میں پانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھنا ہے اور ائر کولر میں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور گھر میں کسی بھی جگہ یا برتن میں پانی کو کھلا نہ رکھیں او ر مکمل احتیاط برتیں تاکہ ڈینگی وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے اور گھروں میں دروازہ اور کھڑکیوں میں جالیاں لگانی چا ہئیں تاکہ مچھر اندر نہ آ سکیں ۔