پشاور میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 27 کلوگرام ہیروئن برآمد ، 3 ملزمان گرفتار

216
پولیس تھانہ ستگھرہ نے 12 کلو چرس برآمد کر لی ،سی سی ڈی نے موٹر سائیکل لفٹر گینگ کا ایک ملزم گرفتار کر لیا، 6 موٹرسائیکلیں برآمد

پشاور۔ 15 جون (اے پی پی):خیبر پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 27 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایڈشنل ایس ایچ او جمرود مولاداد خان نے خفیہ اطلاعات پر باڑہ روڈ شاکس پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران موٹر کار کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کی 25 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے ملزمان جواد احمد ،دلاورشاہ اور حضرت حسین کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا۔

دوسری کارروائی کے دوران رشید خان نے جمرود بائی پاس پر موٹر سائیکل سوار کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے آبادی میں موٹر سائیکل کو پایا۔ تلاشی پر موٹر سائیکل سے 2 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ فرار ملزم ارمان علی کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی نے جمرود پولیس کی منشیات کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان بین الصوبائی منشیات گروہ کے کارندے ہیں جو ملک کے دیگر اضلاع کو منشیات سمگل کرتے ہیں۔ ضلع خیبر کو منشیات سے پاک کرنا خیبر پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔

اس مقصد کےلئے خیبر پولیس ہمہ وقت منشیات فروشوں و سمگلروں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بطور ایک ذمہ دار شہری اپنے محلے گاؤں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے خیبر پولیس کا ساتھ دیں۔