پشاور۔ 02 مئی (اے پی پی):پشاور میں شروع ہونے والے دو روزہ ادبی میلے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔پشاور لٹریری فیسٹیول کے ادبی میلے کا دوسرا سیزن 3 مئی 2025 سے نشتر ہال میں دو روز کیلئے سجے گا۔
اس ادبی میلے کا مرکزی موضوع ”ادب، ریاست اور سیاست” رکھا گیا ہے، جس میں ادب اور سماجی و سیاسی مسائل کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا جائے گا۔ادبی میلے میں ملک بھر سے نامور ادیب، دانشور، صحافی اور تعلیمی ماہرین شریک ہوں گے، جو مختلف مکالموں، مباحثوں اور سیشنز میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر تخلیقی تحریر، کہانی نویسی اور صحافت سے متعلق ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ثقافتی رنگ بکھیرنے کیلئے تھیٹر ڈرامے، ڈرامائی مطالعے اور موسیقی کے خصوصی فیوژن پروگرام بھی اس میلے کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ کتابوں کی رونمائیاں، مشاعرے، اور خطاطی و مصوری کی نمائشیں بھی شرکاء کی دلچسپی کا مرکز بنیں گی۔
اس میں بچوں کیلئے الگ سے ایک فیسٹیول ترتیب دیا گیا ہے جس میں کہانی سنانے کے سیشنز، تخلیقی سرگرمیاں اور پپیٹ شوز شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ شاعری، افسانہ نویسی اور عمومی معلومات پر مبنی مختلف ادبی مقابلے اور کوئزز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591046