پشاور۔5فروری (اے پی پی):پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرگورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں ریلی کا انعقادکیاگیا جس میں صوبائی کابینہ اراکین کے علاہ سرکاری حکام، سماجی شخصیات اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اورجدوجہدآزادی میں انکے ساتھ کھڑا ہے بھارتی قبضہ سے آزادی کیلئے کشمیری عوام سے یکجہتی و مکمل حمایت جاری رکھیں گے،انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر واحد عالمی مسئلہ ہے جو 1948 میں اقوام متحدہ کے عالمی فورم پر لایا گیا صدیاں گزر گئیں لیکن اقوام متحدہ کی کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کی قراردادوں کے باوجود یہ مسئلہ آج تک حل نہیں ہو سکا جموں کشمیر میں بھارت کے مظالم رکنے کے باوجود ہر نئے دن کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی نزاکت و گہرائی کو سمجھتے ہوئے عالمی تنازعہ کا مستقل حل تلاش کرے، انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیرکے عوام بھارتی تسلط اورظلم وجبرسے آزاد ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اٹھایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہم حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293935