پشاور ٹریفک پولیس کی کمسن ڈرائیوروں، کالے شیشوں کے استعمال اور ون ویلنگ پر 1340 افراد کیخلاف کارروائی

114
One Welling
One Welling

پشاور۔ 07 اپریل (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کمسن ڈرائیوروں‘ کالے شیشوں کے استعمال اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 1340 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام نے شہر کے تمام سیکٹروں میں کمسن ڈرائیوروں (انڈر ایج)‘ کالے شیشوں کے استعمال اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران گاڑیوں سے کالے شیشے (سٹکرز) اتار لئے گئے جبکہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کے دوران موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکاروں کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے سڑکوں پر کمسن ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیوں سمیت شہریوں کو آگاہی دی جاتی ہے تاکہ کمسن ڈرائیور حادثات کا شکار نہ ہوں اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں مختلف سکولوں میں جاکر طلبہ کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیتے ہیں اور پرنسپلز صاحبان بھی کم سن ڈرائیوروں کی حوصلہ شکنی کریں انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو ڈرائیونگ سے منع کریں اور ان پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ کسی بھی قسم کے حادثے کا شکار نہ ہو۔

انہوں نے ٹریفک حکام اور وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ کم سن ڈرائیوروں کیخلاف بلا تعطل کارروائیاں عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں ان کے والدین کو بذریعہ فون آگاہ کریں تاکہ کسی بھی قسم کے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہوں۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ون ویلنگ کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں اور مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

دریں اثنا سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے پر مزید 7 افراد کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں مزید 7 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو 523/550 میں ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کردیا جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت لی گئی۔