پشاور۔ 02 مئی (اے پی پی):پشاور پولیس نے ہائی کورٹ کے سینئر قانون دان میاں جمال شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ۔ایس پی رضا محمد خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی رحمان بابا سرکل دیار خان، ایس ایچ او تھانہ انقلاب ارشاد عمر اور تفتیشی آفیسر ہدایت خان نے جدید سائنسی خطوط اور ٹیکنیکل بنیادوں پر جامع تفتیش کے دوران سینئر قانون دان کے اندھا قتل کاسراغ لگا کر ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اندھا قتل میں مقتول کا اپنا ہی مدعی بیٹا ملوث نکلا، ملزم انتہائی شاطر ہے جس نے مدعی بن کر چھوٹ موٹ کا سہارا لیتے ہوئے پولیس ٹیم کو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا ڈرامہ رچایا تھا۔اندھا قتل سے متعلق اصل حقائق جاننے کیلئے خصوصی ٹیم نے مختلف پہلوئوں پر تفتیش کے دوران مقتول کے گھر کے افراد سمیت مدعی بیٹے کو بھی شامل تفتیش کیا،
مدعی میاں عاقب شاہ کے متضاد بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس نے اصل حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنے والد مقتول میاں جمال شاہ کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا اور واقعہ کو معمول کے گھریلو لڑائی جھگڑوں کا شاخسانہ قراردیا، ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591406