پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں، ادارے کے خلاف متنازعہ بیانات سے اجتناب کیا جائے، آئی ایس پی آر

95
ispr
ispr

راولپنڈی۔12مئی (اے پی پی):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات کو انتہائی نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کے خلاف متنازعہ بیانات سے اجتناب کیا جائے۔

جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔پشاور کور دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔

ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔ اس لئے سینئر قومی سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف ایسے متنازعہ بیانات سے اجتناب کریں ۔