پشاور۔ 15 اپریل (اے پی پی):پشاور ہائیکورٹ نے سیکورٹی فورسزکے شہدا کیلئے میڈیامیں ہلاک کا لفظ استعمال کرنے کیخلاف دائردرخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی فورسز کے لئے نیوز اور سوشل میڈیا میں ہلاک کا لفظ لکھنے کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس محمد نعیم انور اور جسٹس کامران حیات میانخیل نے سماعت کی۔عدالت نے درخواست پر وفاقی ،صوبائی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار محمد حمدان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاک فوج، ایف سی اور پولیس اہلکاروں کے لئے نیوز اور سوشل میڈیا پر ہلاک کا لفظ لکھا جاتا ہے، جو ٹھیک نہیں ۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر سیکورٹی اہلکاروں کے لئے ہلاک کا لفظ لکھنے پر پابندی عائد کی جائے۔درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582550