پشاور۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز سوات انتظامیہ نے حال ہی میں ایچ ای سی سے تعلیمی پروگرام شروع کرنے کی منظوری حاصل کر لی ہے،یونیورسٹی نے پہلا انڈرگریجویٹ پروگرام آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں متعارف کرایا ہے، جس کو نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن اکریڈیٹیشن کونسل کا الحاق حاصل ہے۔ اس پروگرام میں داخلے کی تشہیر کی گئی ہے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں جلد ہی کلاسز شروع کی جائیں گی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی نے اپنے خزاں سمسٹر کے دوسرے بیچ کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے داخلے کا بھی اعلان بھی کر دیا ہے جو کہ آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہونے والا ہے، یونیورسٹی نے کیمبرج کامن ویلتھ، یورپین اینڈ انٹرنیشنل ٹرسٹ، برطانیہ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی)کے درمیان تعلیمی معیار کی بہتری اور تعلیمی تعلقات استوار کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے ہیں،
دونوں جانب نے رسمی طور پر اپنی متفقہ رضاکاری کے ساتھ خیبر پختونخوا کیمبرج سکالرشپ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد تعلیم، تحقیق اور فیکلٹی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ اس سکالرشپ کے تحت پی ایچ ڈی سکالرز کیمبرج یونیورسٹی میں جاکر معیاری تحقیق کریں گے اور واپس یونیورسٹی آکر اس تحقیق کا بہتر استعمال کریں گے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی نے حال ہی میں 3 روزہ کالام روبو ٹیک مقابلوں کا انعقاد کیا جس میں 21 مختلف جامعات سے 400 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا،اسی طرح یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایپلایئڈ سائنسز نے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا کے توسط سے سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے طلبا کو روبوٹکس بارے مفت تربیت فراہم کی،جس کا مقصد ٹیکنالوجیکل تعلیم کی ترویج اور کم ترجیحی علاقوں کے طلبا کو بندوبستی علاقوں کے برابر موقع فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز سوات کے قیام بارے اقدامات کا آغاز 2021 میں ہوا، اس منصوبے کی 9.8 ارب روپے کی تخصیص کے ساتھ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔