پشتون قوم کی روایا ت قابل فخر ہیں،ثقافت کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتی ہے،پاکستان مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

438
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پشتون قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون قوم کی روایا ت قابل فخر ہیں،ثقافت کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتی ہے،پاکستان مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے۔

پشتون کلچر ڈے پر اپنے پیغام میں سپیکر نے کہا کہ پشتون قوم بہادر، ملنسار، مہمان نواز اور حریت پسند قوم ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کا ثقافتی تنوع ہماری معاشرتی خوبصورتی اور پہچان ہے،پشتون کلچر پاکستان کے تقافتی گلدستے کا ایک خوبصورت پھول کی حیثیت رکھتا ہے،پشتون ایک نڈر قوم ہے، ملک کی خاطر پشتونوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،پاکستان میں بسنے والی قوموں کی تہذیب و تمدن کو دنیا بھر میں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پشتون ثقافت میں محبت، احترام، ہم آہنگی اور رواداری کا درس ملتا ہے،ثقافت ہر علاقے کی پہچان کو اجاگر کرنے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ثقافت کے فروغ کے لیے ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنا ضروری ہے، پاکستان کی تمام علاقائی ثقافتیں دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہیں، بقائے باہمی کے فروغ کیلئے ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کے اہم دنوں کو منانا ضروری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں،قومی سطح پر ثقافتوں کو اجاگر کر کہ ہی قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔