کراچی۔9جنوری (اے پی پی):فاسٹ بالر نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور محمدرضوان،بابراعظم اور فخرزمان کی نصف سینچریوں کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے انترنیشنل میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2023 میں فتح کا آغاز کیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چمکتی روشنیوں میں تقریبا 10ہزار تماشائیوں کے سامنے پاکستان نے مطلوبہ 256 رنز کا ہدف 48 اوورز میں حاصل کرلیا۔
ٹیم میں واپسی کے بعد محمد رضوان نے بلے سے اپنا جادوجگایا اور 77 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیل کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔سلمان علی آغا نے 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔محمد رضوان نے 86 گیندوں پر آدھی درجن چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔سلمان 13 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب مائیکل بریسویل سے کامیاب بالر تھے جنہوں نے 44 رنز عوض 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔نسیم شاہ کو ان کی میچ وننگ بالنگ پربہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔پاکستان کی جانب سے ان فارم امام الحق چھٹے ہی اوور میں 11 رنز بناکر بریسویل کا شکار بنے۔
جس کے بعد فخرزمان نے ٹیم کے کپتان بابراعظم کے ساتھ ملکر ایک اچھی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو لگنے والے ابتدائی جھٹکے کا ازالہ کیا۔ فخرزمان جو صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے تھے، بابراعظم کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 103 گیندوں پر 78 رنز کا اضافہ کیا۔23ویں اوور میں آف اسپینر مائیکل بریسویل نے فخرزمان کو 56 رنز پر بولڈ کردیا، انہوں نے 74 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگز میں 7 چوکے لگائے۔بابراعظم جمے رہے اور ایک بار پھر محمدرضوان کے ساتھ ملکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔دونوں نے 82 گیندوں پر تیسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز جوڑے۔بابراعظم جو کافی سیٹ دکھائی دے رہے تھے،
آف اسپینر گلین فلپس کی گیند پربیٹ ہوئے اور وکٹوں کے پیچھے ڈیون کونوے نے انہیں پھرتی سے اسٹمپڈ کردیا،بابر نے 82 گیندوں پر 129 منٹ میں5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ نسیم شاہ کی تباہ کن بالنگ کے باعث پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے 50اوورز میں 255-9 پر محدود رکھا۔نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 57 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں اور کیویز کی بیٹنگ لائن کو کافی پریشان کیا۔ مہمان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی اننگز میں 50 کے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔
نسیم نے بالنگ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور اپنے پہلے ہی اوور میں ڈیوڈکونوے کو صفر پر بولڈکردیا۔فن ایلن نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں 27 گیندوں پر 29 رنز بناکر نسیم شاہ کا دوسرا شکار بنے۔کین ویلیمسن اور ڈیرل مچل نے صورتحال کو سنبھالا لیکن 17 ویں اووراپنا پہلا ہی میچ کھیلنے والے لیگ اسپینر اسامہ میر نے ویلیمسن کو 26 رنز پر بولڈ کردیا جو ان کے کیرئیر کا پہلا وکٹ تھا۔
مچل اور ٹام لیتھم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 56 رنز کا اضافہ کیا۔ مچل کو نسیم شاہ نے36 رنز پر بولڈ کرکے ان کی شراکت کو توڑا۔مچل نے 55 گیندوں پر مشتمل جدوجہد والی 36 رنز کی اننگز میں صرف ایک چوکا لگاسکے۔اس کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے جارحانہ بیٹنگ دیکھنے میں آئی جب لیتھم اور مائیکل بریسویل نے اننگز کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے 69گیندوں پر 66 رنز بنائے۔لیتھم55 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر فخرزمان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ بریسویل نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے،
انہوں نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور ایک بڑے چھکے کی مدد سے 43 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، انہیں نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔جس کے بعد مچل سینٹنر21، ہنری شپلی صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ ٹم سائوتھی15 اور لوکی فرگوسن ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔ نسیم شاہ کی پانچ وکٹوں کے علاوہ اسامہ میر نے 42 رنز دیکر 2 اور لیفٹ آرم اسپینرمحمد نواز نے 38 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میچ سے قبل پاکستان نے اسامہ میر کو ون ڈے کیپ سے نوازا جبکہ ٹیم کے نائب کپتان شان مسعود کو ڈراپ کر کے ڈھائی سال کے بعد حارث سہیل کوٹیم میں شامل کیا۔