پلاسٹک کا بے دریغ استعمال انسانی صحت کے لیے شدید نقصان دہ ہے،ڈاکٹر شکیل احمد

32

سیالکوٹ ۔03 جولائی (اے پی پی):سینئر میڈیکل آفیسرگورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا ہے کہ پلاسٹک میں موجود کیمیکلز، جیسے بیسفینول اے (BPA) اور فیتھالیٹس (Phthalates)، انسانی ہارمونز کے نظام کو متاثر کرتے ہیں اور کینسر، بانجھ پن، ذیابطیس اور دل کی بیماریوں جیسے امراض کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں "پلاسٹک کے استعمال اور اس کے نقصانات” کے حوالے سے منعقدہ ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا بے دریغ استعمال انسانی صحت کے لیے شدید نقصان دہ ہے، خاص طور پر وہ پلاسٹک جو کھانے پینے کی اشیاء کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

انہوں نے نوجوان طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ پلاسٹک کے متبادل قدرتی اور ماحول دوست مواد کو فروغ دیں اور خود بھی ان کے استعمال کو ترجیح دیں۔ سیمینار میں طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ماحولیاتی آلودگی اور پلاسٹک ویسٹ کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پلاسٹک مصنوعات کی تیاری اور فروخت پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے قومی سطح پر مہمات چلائی جائیں۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں طلباء نے "پلاسٹک سے نجات – صحت کی ضمانت” جیسے بینرز اٹھا رکھے تھے۔