’’پلانٹ فار پاکستان ‘‘مہم کے تحت جنرل ہسپتال میں شجر کاری مہم کا آغاز

’’پلانٹ فار پاکستان ‘‘مہم کے تحت جنرل ہسپتال میں شجر کاری مہم کا آغاز

156

لاہور۔17اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں جاری گرین پاکستان اور صاف ستھرا پنجاب مہم کے تحت پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں ممتاز 30میڈیکل ٹیچرز نے لاہور جنرل ہسپتال میں اپنے نام کے پودے لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا ۔ پروفیسر الفرید ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی”پلانٹ فار پاکستان "مہم کے تحت پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج اور ایل جی ایچ کے احاطہ میں ہر طرف سایہ دار، پھولدار اور پھلدار مزید پودے لگائے جائیں گے تاکہ علاج معالجے اور میڈیکل کی تعلیم کیلئے آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پودے لگانا اور ان کی حفاظت کرنا اسلامی نقطہ نظر سے بھی صدقہ جاریہ ہے جس کا باقاعدہ اجراء اور فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوتا ہے لہذا ہمیں ذمہ دار قوم اور شہری ہونے کے ناطے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ درخت زمین کا حسن ہوتے ہیں اورانسانی صحت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے بھی درخت انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے شجر کاری مہم میں سینئر ڈاکٹرز کو شامل کرنے پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کو مبارکباد دی اور ان کی قومی کاوشوں کو سراہا۔

پروفیسر زکا کہنا تھا کہ ہسپتال کا ماحول مریضوں کی آمد و رفت،لواحقین ،تیمارداری کے لئے آنے والے کے جذباتی مناظر اور ڈاکٹرز کی ان مریضوں کی شفا یابی کے لئے تگ و دو کرنے سے قدرے تنائو کا شکار نظر آتا ہے ،ایسی صورت حال میں ہسپتال کے ماحول کو فطرت دوست اور پودوں سے آراستہ کر کے سر سبز و شاداب بنانا مریضوں کے مزاج کو خوشگوار بنانے کا باعث ہو گا۔ انہوں نے عوام کو شجر کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اپنے نام کا پودا لگا کر دنیا میں اپنی موجودگی کا ثبوت دینا چاہئے ،شجر کاری مہم کے ذریعے ہمارے ماحول میں آکسیجن کی فراوانی انسانی ضرورت پوری کرنے کا باعث ہو سکتا ہے۔

سابق نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد معین،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج سید اصغر نقی، پرنسپل سمز پروفیسر زہرہ خانم،پروفیسر کرنل (ر) نازلی حمید ، پروفیسر آغا شبیر علی، پروفیسر غیاث النبی طیب،پروفیسر محمد طیب،پروفیسر محمد فاروق افضل،پروفیسر خضر حیات گوندل،پروفیسر محمد حنیف میاں،پروفیسر محسن ظہیر،پروفیسر اجمل فاروق،پروفیسر ثاقب صدیق، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شہزاد حسین شاہ، پروفیسر حافط عبدالماجد، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر فائقہ سلیم بیگ، پروفیسر عالیہ بشیر، پروفیسر ارم، پروفیسر عظمی حسین، ڈاکٹر علی رزاق،ڈاکٹر عمر اسحاق اورڈاکٹر فریادحسین پودا لگانے والوں میں شامل تھے۔