سرگودہا۔25ستمبر (اے پی پی):ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں پلانٹ فار پاکستان مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ پریسبیرین انگلش میڈیم سکول مشن روڈ بلاک نمبر 16 کے طلباء و طالبات نے کمشنر محمد اجمل بھٹی کے ہمراہ سکول کے اندر اور باہر ملحقہ گراو نڈ پر 5سو سے زائد پودے لگائے۔
طلبہ نے عہد کیا کہ وہ ان پودوں کے بڑھنے اور درخت بننے تک حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ طالب علموں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کو بھی پودے لگانے پر قائل کریں گی۔ طلبہ نے پودے لگانے کے دوران ویڈیو میسجز بھی ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے جس میں انہوں نے دوسروں کو بھی پودے لگانے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا پیغام دیا۔
کمشنر محمد اجمل بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہر سے کوئی نہیں آئے گا کہ اس ملک کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنائے۔یہ کام ہم نے خود ہی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری کے ذریعے ماحول کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں سول سوسائٹی کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں پانی کی کمی سر اٹھا رہی ہے اور موسم بھی تیزی کے ساتھ گرم ہونے جا رہا ہے جس کا واحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پودے لگانے ہوں گے۔
انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ روزانہ پانچ منٹ طلبہ کو پودے لگانے اور اس کی افادیت پر لیکچر دے اور ان طلبہ کے ہاتھوں لگائے گئے۔پودوں کی حفاظت کے بارے یادہانی کرواتے رہیں۔ اس موقع پر طلباء نے ٹیبلوز کے زریعے شجرکاری کی افادیت اور پودوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن یاسر بھٹی‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ شعیب نسوانہ، اے ڈی پی ایچ اے محمد سفیر اور پرنسپل سمیر بھی موجود تھے۔