اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) اسلام آباد ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد داد نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعہ پر وزیراعظم عمران خان نے قوم کے جذبات کی بہترین ترجمانی کی ہے اور بھارت کو جامع اور واضح پیغام دیاہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کی تائید کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ پر بھارت نے نامناسب موقف اور اشتعال انگیز ردعمل کا سہارا لیا ہے۔ دنیا کے کسی بھی خطے سے زیادہ جنوبی ایشیاءکو امن اور استحکام کی ضرورت ہے۔ ارشدداد نے مزید کہا کہ انتخابی ثمرات کیلئے خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنا نہایت غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ بھارت سرکار الزام تراشی اور جذبات بھڑکانے کی بجائے خود احتسابی کا راستہ اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی ابہام نہیں کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی مسلح حکمت عملی ناکام ہوچکی ہے۔ خطے میں مستقل امن کی بحالی کیلئے فرار کی بجائے بھارت مذاکرات کی میز پرآئے۔