پمز انتظامیہ کاشہریوں کو بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک پراجیکٹ کو مزید ایک منزل کے اضافے کے ساتھ توسیع دینے کا فیصلہ

143
Pimms Administration
Pimms Administration

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی انتظامیہ نے شہریوں کو بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک پراجیکٹ کو مزید ایک منزل کے اضافے کے ساتھ توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ہسپتال کے ایک اہلکار کے مطابق یہ فیصلہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر کیا گیا ہے کیونکہ اس نئے منصوبے کے ساتھ منصوبے میں 75 اضافی بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سے منظوری کے بعد منصوبوں کی دستاویزات فنڈز مختص کرنے کے لیے پلاننگ کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 75 بستروں کے اضافے سے ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک میں بستروں کی کل تعداد 239 ہو جائے گی جس میں جدید ترین سہولیات بشمول لیبارٹری، آپریشن تھیٹر اور ایکسرے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک کا منصوبہ اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اسلام آباد بلکہ گردونواح کے مریضوں کو معیاری ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پہلے ہی ہسپتال انتظامیہ کو تمام رکاوٹوں کو دور کر کے آنے والے مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔