اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے26 سے29 اگست تک پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن، لاہور ڈویژن، ساہیوال ڈویژن، جڑواں شہروں، اٹک، مری، گلیات، چکوال، تلہ گنگ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ، جہلم، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ملتان، خانیوال، لودھراں، خان پور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر اور مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، پشاور ڈویژن، مردان، صوابی، ہنگو، کرک، کوہاٹ، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرم، وزیرستان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ شدید بارش سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
اس دوران مقامی ندی نالوں میں بہائو میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ حکام اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ہنگامی رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھیں اور کسی بھی پیدا ہونے والی صورتحال سے فوری ردعمل کو یقینی بنانے کے لئے وسائل کو متحرک کریں۔