پنجابی کے نامور ادیب، شاعر اور محقق ڈاکٹر فقیر محمد فقیر کی سالگرہ جمعرات کو منائی گئی

65
Dr. Faqir Muhammad Faqir
Dr. Faqir Muhammad Faqir

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):پنجابی زبان و ادب کے نامور ادیب، شاعر اور محقق بابائے پنجابی زبان ڈاکٹر فقیر محمد فقیر کی سالگرہ جمعرات 5 جون کو منائی گئی ۔ڈاکٹر فقیر محمد فقیر 5 جون 1900ء کو ضلع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام محمد صادق تھا۔انہوں نے 1923ء پنجاب ہومیوپیتھک کالج گوجرانوالہ سےمیں ایم بی ایچ، ایم بی ایس (بیچلر آف ہومیو پیتھک میڈیسنز اینڈ بائیو کیمک میڈیکل سائنس) کی ڈگری حاصل کی،کارپوریشن اور ملٹری کے محکمہ میں سپلائی کا کام بھی کیا۔ پاک تعمیرات کے نام سے اپنی کنسٹرکشن کمپنی قائم کی اور ٹھیکیداری کا کام بھی کیا۔

پنجابی زبان و ادب کی خدمات کے لحاظ سے انھیں بابائے پنجابی زبان کہا جاتا ہے۔ 1951ء میں انھوں نے پنجابی زبان کا اولین رسالہ پنجابی جاری کیا، پھر ڈاکٹر محمد باقر کے ساتھ پنجابی ادبی اکادمی قائم کی جس کے تحت پنجابی زبان و ادب کی متعدد قدیم و جدید کتابیں شائع ہوئیں۔ انھوں نے پنجابی زبان کو نئے اسلوب اور نئے آہنگ سے آشنا کیا ۔ڈاکٹر فقیر محمد فقیر کی مدون کتب میں کلیات ہدایت اللہ،ابیات علی حیدر، کلیات بلھے شاہ، چٹھیاں دی وار، مرزا صاحباں، سوہنی مہینوال، پنجابی زبان و ادب دی تاریخ، شعری کتب میں صدائے فقیر، نیلے تارے، مہکدے پھول، ستاراں دن اور چنگیاڑے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے عمر خیام کی رباعیات کے منظوم تراجم بھی کیے ۔ڈاکٹر فقیر محمد فقیر 11 ستمبر 1974ء ضلع گوجرانوالہ میں وفات پاگئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا۔