اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب ،خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آبادمیں چند مقامات پر تیز /موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب ، اسلام آباد ، خیبرپختونخوا، کشمیر ، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر مو سلادھار بارش بھی ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پنجاب میں شیخوپورہ 52، لاہور (سٹی 42، ایئر پورٹ 36)، راولپنڈی (شمس آباد 38، چکلالہ 16، کچہری 02، پیر ودھائی01)، ساہیوال 29، اسلام آباد (سٹی 24، سید پور 01)، اوکاڑہ 21، مری 06، فیصل آباد 04، ملتان ایئرپورٹ 04، قصور، منڈی بہاؤالدین 01، خیبرپختونخوا میں بالاکوٹ 40، مالم جبہ 28، کاکول 13، دیر (زیریں04، بالائی01)، بلوچستان: قلات 17، کشمیر میں مظفرآباد (ایئرپورٹ 16، سٹی 12)، راولاکوٹ 02، کوٹلی 01، سندھ میں بدین 04، پڈعیدن 01، گلگت بلتستان میں بگروٹ میں 07ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین 45، چلاس 42، تربت،بہاولنگر اور نور پور تھل میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 سے10 جولائی کے دوران موسلا دھار/شدیدموسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر اور بلوچستان ( بارکھان، کوہلو ، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی ،نصیر آباد، سبی ،لورالائی ، ژوب ، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، تربت )کے مقامی/برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات اورکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے اورعوام الناس کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔