لاہور۔8نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی خصوصی ہدایات پر پنجاب آئی ٹی بورڈ نے صوبائی حکومت کے پنجاب پورٹل Punjab.gov.pk کو نئے ڈیزائن آسان اورصارف دوست انٹرفیس اور اضافی اور اہم معلومات سے لیس کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی نگرانی میں وضع کیا گیا یہ پورٹل عوام کاروباری اداروں اور سرکاری و نجی شعبے کو صوبے کے اہم وسائل خدمات تاریخی معلومات اور سرکاری اداروں اور منصوبوں سے متعلق اہم معلومات تک آسان اور ڈیجیٹل رسائی فراہم کرتا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ تجدید شدہ پورٹل پر کئی نئے فیچر شامل کئے گئے ہیں۔ پورٹل پر پنجاب کی ثقافت و تہوار ایمرجنسی نمبرزصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سرکاری ویب سائٹس خصوصی اکنامک زونز سمیت حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں کے متعلق تمام اہم معلومات ایک کلک پر دستیاب ہیں۔پورٹل پر خصوصی افراد کیلئے ایک اہم فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے خصوصی افراد باآسانی تمام معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔پورٹل کے ذریعے شہری وزیراعلی پنجاب سے سوالات بھی کر سکتے ہیں۔